بنگلورو،14؍اگست(ایس او نیوز) ریاستی وزیر برائے تعمیرات عامہ ایچ ڈی ریونا نے اپنے والد ایچ ڈی دیوے گوڈا کے اس بیان کی نفی کردی ہے کہ وزیراعلیٰ ایچ ڈی کمار سوامی قومی سیاست کا رخ کرنے والے ہیں۔ کل اس سلسلے میں دیوے گوڈا کے بیان پر آج ردعمل ظاہر کرتے ہوئے ریونا نے کہاکہ کمار سوامی ہی ریاست کے وزیراعلیٰ رہیں گے ، قومی سیاست میں جانے کا وہ کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
آج جنتادل (ایس) کے دفتر جے پی بھون میں پارٹی کارکنوں سے ملاقات کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونا نے ان قیاس آرائیوں کو بھی مسترد کردیا کہ کمار سوامی کو قومی سیاست میں بھیج کر وہ خود ریاست کے وزیر اعلیٰ بننا چاہتے ہیں۔ ریونا نے کہاکہ وزیراعلیٰ بننے کی میری کوئی خواہش نہیں ہے، ان کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرکے کمار سوامی نے تعمیرات عامہ کا انتہائی اہم قلمدان سونپا ہے، اس کو بخوبی سنبھالنے کے لئے وہ پوری جدوجہد کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ریاست میں کمار سوامی کو کسان اور غریب عوام کے لئے اور بھی بہت کچھ کرناہے۔ اسی لئے وہ ریاست میں ہی کام کریں گے۔
ریونا نے اس بات کی تصدیق کی کہ ان کے فرزند پرجول ریونا آنے والے لوک سبھا انتخابات میں ہاسن سے جنتادل (ایس) کے امیدوار ہوں گے۔ اس حلقے میں کانگریس سے میدان میں اترنے سابق وزیر اے منجو کی کوشش کے بارے میں ریونا نے کہا کہ یہ فیصلہ کانگریس اعلیٰ کمان کرے گی اس میں جنتادل (ایس) کوئی مداخلت نہیں کرسکتی۔ ریاستی حکومت پر تبادلوں کا دھندہ چلانے کے متعلق بی جے پی لیڈر ایشورپا کے الزام کو مسترد کرتے ہوئے ریونا نے سوال کیا کہ ایشورپا خود بتائیں کہ کمار سوامی حکومت نے کتنے تبادلے کئے ہیں۔ اور ان کے ایشورپا نے کتنے پیسے دئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ جب ایشورپا وزیر تھے تو کیا انہوں نے محکمے میں کوئی تبادلہ نہیں کیا؟۔ وزیر موصوف نے کہاکہ ایشورپا ریاست کے ایک سینئر لیڈر ہیں اسی لئے وہ اپنے وقار کا خیال رکھتے ہوئے بیان بازی کریں۔ اگر اس طرح کی بیہودہ بیان بازی جاری رہے تو ان کا وقار ہی گھٹے گا۔ ایشورپا کے تئیں وہ کافی احترام کا جذبہ رکھتے ہیں۔ ایشورپا کو چاہئے کہ اس احترام کو بچائے رکھیں۔ تبادلوں کے عوض رشوت ستانی کے الزامات کی تائید میں اگر ایشورپا کے پاس دستاویزات ہیں تو منظر عام پر لائیں اگر نہیں تو پھر اپنی زبان پر لگام دیں۔ ریاستی حکومت کو گرانے کے لئے بی جے پی کی طرف سے آپریشن کمل کے خدشات پر ریونا نے کہاکہ بی جے پی آپریشن کمل کرتی رہے گی تو کانگریس اور جنتادل (ایس) ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے نہیں رہیں گے۔ جس طرح بی جے پی کو اراکین اسمبلی کا شکار کرناآتا ہے ہمیں بھی اس کا علم ہے، اسی لئے کانگریس اور جے ڈی ایس کے اراکین کو نشانہ بنانے سے پہلے بی جے پی اپنے اراکین اسمبلی کو بچانے کی کوشش کرے۔ ایرو انڈیا ایر شو کو لکھنؤ منتقل کئے جانے کے متعلق انہوں نے کہا کہ بی جے پی لیڈروں نے دعویٰ کیا ہے کہ وہ ایر شو بنگلور لائیں گے ۔ دیکھتے ہیں کہ ان میں کتنا دم ہے۔
حال ہی میں وزیراعلیٰ کمار سوامی کی طرف سے منڈیا میں کسانوں کے ساتھ بویائی میں حصہ لینے پر یڈیورپا کے طنز کا جواب دیتے ہوئے ریونا نے سوال کیا کہ وزیراعلیٰ اگر کسانوں کے ساتھ کھیتوں میں اتر کر کام کرتے ہیں تو اس سے یڈیورپا کے پیٹ میں کیوں درج ہوتا ہے؟ جب وزیر اعلیٰ تھے تو انہیں بھی ایسا کچھ کرنا چاہئے تھا۔ کسانوں سے ہمدردی ہے تو اب بھی وہ ایسا کرسکتے ہیں ، ناٹک کمار سوامی نہیں بلکہ یڈیورپا کرتے رہتے ہیں۔ ریاستی کابینہ میں توسیع کے متعلق انہوں نے کہاکہ کانگریس اور جنتادل (ایس) قیادت جلد ہی اس کو قطعیت دے گی۔ پچھلی سدرامیا حکومت کی طرف سے ریاست بھر میں ذات پات کی بنیاد پر کروائے گئے سروے کے اعداد وشمار منظر عام پر لانے کے بارے میں ریونا نے کہاکہ یہ ان کے محکمے کے دائرے میں نہیں آتا۔